فریضہ حج کی ادائیگی بڑی سعادت ہے‘ وسیم اختر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی ہر مسلمان کے لئے باعث سعادت ہے ‘ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس سال اپنے ملازمین کے لئے حج کی قرعہ اندازی میں صنفی مساوات یقینی بناتے ہوئے خواتین ملازمین کے لئے علیحدہ سے حج کی قرعہ اندازی کا انتظام کیا ہے تاکہ قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے ملازمین اگر کسی وجہ سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے نہ جاسکیں تو ویٹنگ لسٹ میں سے خواتین ملازمین کو حج کے لئے بھیجا جاسکے‘ ریگولر قرعہ اندازی میں خواتین کی کم درخواستیں موصول ہونے کے سبب انہیں حج پر جانے کا موقع نہیں مل سکا تھا تاہم انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے خصوصی اقدام کے طور پر ویٹنگ لسٹ کی قرعہ اندازی میں صرف خواتین کو موقع دیا گیا آئندہ سال مزید ایسے اقدامات کئے جائیں گے جن سے مرد ملازمین کے ساتھ ساتھ خواتین افسران و دیگر اہلکاروں کو بھی زیادہ سے زیادہ تعداد میں فریضہ حج کی ادائیگی کا موقع مل سکے یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں سال 2018ء کیلئے حج کی قرعہ اندازی کے سلسلے میں خصوصی طور پر خواتین ملازمین کے نام ویٹنگ لسٹ میں نکالنے کے موقع پر کہی۔