سندھ اسمبلی: اپوزیشن لیڈر کا شرجیل میمن پر ٹی ایم او سے مہنگے سوٹ اور گاڑی کیلئے رشوت مانگنے کا الزام، تلخ جملوں کا تبادلہ

سندھ اسمبلی: اپوزیشن لیڈر کا شرجیل میمن پر ٹی ایم او سے مہنگے سوٹ اور گاڑی کیلئے رشوت مانگنے کا الزام، تلخ جملوں کا تبادلہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہریار مہر اور وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ٹی ایم او سے پیسے لینے کے معاملے پر شرجیل میمن اور شہریار مہر میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ شہریار مہر نے کہا کہ تعلقہ لکھی کے ٹی ایم او کہتے ہیں مہنگے سوٹ اور گاڑی کیلئے وزیر بلدیات رشوت مانگتے ہیں۔ شرجیل میمن نے ٹی ایم او سے سوٹ کیلئے دس لاکھ اور گاڑی کیلئے دو کروڑ روپے مانگے۔ تعلقہ لکھی کا ٹی ایم او ایک  کروڑ روپے ماہانہ کھا جاتا ہے کوئی کام نہیں ہورہا، شرجیل میمن نے کہا کہ مجھے ٹی ایم او نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر نے پیسے مانگے ہیں، فرمائشیں پوری نہیں ہوئیں تو الزامات لگا دیئے، اپوزیشن کا مطلب یہ نہیں کہ کسی پر کیچڑ اچھالیں۔ شہریار مہر نے کہا کہ قیمتی سوٹ میں نے نہیں وزیر بلدیات نے پہن رکھا ہے، دو کروڑ کی گاڑی میری نہیں وزیر بلدیات کی ملکیت ہے۔