کراچی: فائرنگ، تشددایک شخص ہلاک، 9 زخمی، مقابلے میں ڈاکو ہلاک
کراچی(کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+آن لائن) شہر کے مختلف علاقوںمیں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور نو افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بھینس کالونی میں دو گروپوں میں جھگڑا ہوا اور اس دوران فریقین نے فائرنگ کے علاوہ ایک دوسرے پر لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک شخص 45سالہ اکرم ہلاک اور پانچ افراد یاسین‘ عابد‘ علی‘ کامران اور شریف زخمی ہوگئے۔ دوسری طرف سندھ رینجرز نے 10خطرناک دہشت گردوں کے سروں کی قیمت 5 کروڑ روپے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ داخلہ کوخط بھیج دیا گیا۔سندھ رینجرز نے دہشت گردوں کی گرفتاری، کریمنل ریکارڈ جمع کرنے اور سروں کی قیمت مقرر کرنے کی تحقیقات کی تفصیلات سے متعلق باز پرس کیلئے محکمہ داخلہ کو خط لکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز نے محکمہ داخلہ کو خط لکھا ہے جس میں تفصیلات کی استدعا کی گئی ہے۔ ملزموں میں کالعدم جنداللہ کے سابقہ کمانڈر اور کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ کے اہم کارندے منصور احمد عرف بلال کا نام بھی شامل ہے جس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔