آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا‘ گورنر سندھ
کراچی(وقائع نگار)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبا د خان سے پیرکو گورنر ہائوس میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں جاری صورتحال سمیت دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن سے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آرہی ہے اس ضمن میں حکومت پر عزم ہے کہ آپریشن آخری دہشت تک جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث صوبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے جبکہ صوبہ میں سماجی ، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیاں بھی بڑھ رہی ہیں۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور نا کامی دہشت گردوں کا مقدر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سانحہ میں وکلاء کی ایک بڑی کھیپ شہید ہوئی، لیکن دہشت گردی کے خلاف جدو جہد میں وکلاء برادری کے جذبات آج بھی قابل تعریف ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج یہاں آغا خان ہسپتال میں کوئٹہ بم دھماکہ کے زخمی و کلاء کی عیادت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما علی اکبر گجر، علماء ونگ کے رہنما اظہر شانداری کے علاوہ ایڈ ووکیٹ عبد الواسع خان کاکٹر، میر حسن عباسی، طفیل ورک سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما موجود تھے۔