سندھ پبلک سروس کمشن کا کمال‘ مقابلے کے امتحان میں 47 فیل امیدوار کامیاب کر دئیے

کراچی (مانیٹرنگ نیوز) سندھ پبلک سروس کمشن کے سال 2003ء کے امتحانات میں بڑے پیمانے پر جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے جہاں کامیاب امیدواروں کی جگہ کمشن کے عہدیداران اور سرکاری افسران کے قریبی رشتہ داروں کو فائنل رزلٹ میں ٹمپرنگ کرکے کامیاب قرار دے دیا گیا۔ سندھ پبلک سروس کمشن کی جانب سے سال 2003ء میں مقابلے کے امتحانات کامیاب نہ ہونے والے ایک نوجوان سلیم شیخ نے کمشن کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے اس عمل میں بدعنوانی کے خلاف درخواست دائر کی۔ ہائی کورٹ میں کیس دائر ہونے کے بعد سندھ پبلک سروس کمشن کے چیئرمین کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کی گئی۔