میاں عباس شریف کےداماد میر عاصم کی پیپلز پارٹی میں شمولیت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق وزیراعظم نوازشریف کے قریبی عزیز اور میاں عباس شریف کے داماد میر عاصم نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے انہوں نے یہ اعلان منگل کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں سندھ کے سینئر وزیر برائے خوراک و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نثار احمد کھوڑو نے کہاکہ میر عاصم میاں عباس شریف کے داماد ہیں پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ میر عاصم نے کہاکہ میں چیئرمین بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی سندھ کا شکرگزار ہوں اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں نثار احمد کھوڑو نے کہاکہ خواجہ اظہار پہلے ایجنسیوں سے جان چھڑا لیں پھر کراچی پر قبضے کے کسی پر الزامات عائد کریں خواجہ اظہار الحسن اپنا قبلہ درست کر لیں‘ پیپلز پارٹی کراچی پر قبضہ نہیں کرنا چاہتی بلکہ وہ عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے‘ کراچی کے عوام ماضی میں ڈر اور خوف سے اپنے فیصلے آزادانہ نہیں کر سکتے تھے۔ نثار کھوڑو نے کہاکہ اب عوام ڈر اورخوف سے نکل چکے ہیں ایم کیو ایم کے لوگ خود انکشافات کر رہے ہیں اور ان کے پول کھول رہے ہیں‘ لوگوں کو پتہ چل رہا ہے کہ ایم کیو ایم اس شہر میں کیا کرتی رہی ہے۔