چین پاکستان کو روس اور امریکہ کے ہم پلہ جدید ٹینک فراہم کرے گا
کراچی(ثناء نیوز)چین نے پاکستان کو اہم جنگی ٹینک فراہم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ پاکستان نے چین سے اس کے اہم اور مرکزی جنگی ٹینک وی ٹی فور کو خریدنے کی درخواست کی تھی۔ چینی میڈیا کے مطابق وی ٹی 4 ٹینک چین کے مرکزی جنگی ٹینک ایم بی ٹی 3000 کا برآمدی ورژن ہے اور یہ روس و امریکہ کے جدید ترین ٹینکوں کا ہم پلہ ہے۔ اس کی125ایم ایم بور کی گن دنیا کے کسی بھی ٹینک سے بڑی ہے۔ یہ پاکستان کی مسلح افواج کے لئے مزید مضبوطی لائے گا۔ بھارت کے جنگی جنون کے بعد پاکستان کو جدید ترین جنگی ٹینکوں کی ضرورت تھی کیونکہ بھارت نے روس سے حال ہی میں جدید ٹینک T-90 حاصل کئے۔ چین کے ایک عسکری ماہر نے بیجنگ ٹیلی ویژن کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ چین کے اہم جنگی ٹینک حاصل کرنے کی پاکستانی درخواست کو قبول کر لیا گیا ہے۔ پاکستان نے چین نارتھ انڈسٹریز کارپوریشن کے تیار کردہ وی ٹی فور خریدنے کی درخواست کی تھی۔ اکنامک کوریڈور کے تحت چینی سرمایہ کاری کی نئی تفصیلات کے مطابق آئندہ 6 سال میں چینی کمپنیاں پاکستان میں 45.6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرینگی۔ چینی حکومت اور بنک کمپنیوں کو یہ سرمایہ فراہم کرینگے۔ چینی کمپنیاں توانائی کے شعبے میں 33.8 ارب ڈالر لگائیں گی جبکہ انفراسٹرکچر منصوبوں میں 11.8 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرینگی۔