مینگروز اگاﺅ مہم کو کا کامیاب بنایا جائے‘ ایڈمرل ذکاء اللہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعظم پاکستان کے تصور ’سر سبز پاکستان‘ کے عین مطابق جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان نیوی نے پیرکو سند ھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ’مینگرووز اگاﺅ مہم‘ کا آغاز کردیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا ءاللہ نے بحیثیت مہمان خصوصی مہم کا افتتاح کیا ۔ افتتاحی تقریب میں سینئر فوجی اور سول حکام کے علاوہ تاجر برادری ، ابلاغ عامہ ، ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (WWF)، بین الاقوامی یونین برائے تحفظ ماحولیات (IUCN) کے نمائندوں اور وفاقی اور صوبائی محکمہءجنگلات کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ پاکستان نیوی کی مینگرووز اگانے کی مہم ان کی تعداد بڑھانے اور ماحولیات کے حوالے سے عوام الناس میں مینگرووز کی اہمیت اجاگر کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔ مینگرووز اس مقام پر پائے جاتے ہیں جہاں سمندری اور میٹھا پانی خشکی کے قطعات سے آکر ملتے ہیں۔ یہ کرئہ ارض پر موجود ایکو سسٹم کا نہایت مفید اور پیچیدہ حصہ ہیں، جو ایسی ماحولیاتی صورتحال میں پروان چڑھتے ہیں جہاں عام پودے بہت تیزی سے مر جاتے ہیں۔ یہ ساحلی ایکو سسٹم ، سمندرمیں کسی حیاتیاتی تبدیلی کو روکنے اور سمندری حیات کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہیں ۔ بدقسمتی سے گذشتہ کئی سالوں میں پاکستانی ساحلوںپر مینگرووز کی تعداد میں بہت کمی آئی ہے جس کی بنیادی وجہ عدم توجہی اور لاپرواہی ہے۔