ضلع جنوبی میں ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار

ضلع جنوبی میں  ترقیاتی   کام تیزی   سے مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار

کراچی( اسٹاف ر پورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ ضلع جنوبی میں شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے، کلفٹن میں بحریہ ٹائون کے تعاون سے دو انڈرپاسز اور ایک فلائی اوور کی تعمیر اور صدر میں شہاب الدین مارکیٹ پارکنگ پلازہ کی تکمیل سے اس پورے علاقے میں ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے اور اہم سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال سے محفوظ رہا جاسکے گا، یہ بات انہوں نے ضلع جنوبی میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے منعقد ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کہی جس میں ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی جمال مصطفی قاضی، ایڈمنسٹریٹر ضلع میونسپل کارپوریشن سائوتھ افضل زیدی، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز احمد سومرو ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور دیگر افسران موجود تھے، اجلاس کے دوران ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیاگیا کہ ان تمام ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے کام کرکے جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ اس علاقے میں جسے شہر کا قلب کہا جاتا ہے شہریوں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل حل ہوں اور پورے شہر پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ ضلع جنوبی کراچی کا گنجان ترین ضلع ہے اور شہر کے تمام بڑے اور اہم کاروباری و تجارتی مراکز بھی یہیں واقع ہیں جبکہ ہائیکورٹ، اسمبلی ہال، سندھ سیکریٹریٹ، فائیو اسٹار ہوٹلز اور صوبائی حکومت کے مرکزی دفاتر بھی یہیں موجود ہیں لہٰذا اس علاقے کی اہمیت کونظر انداز نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ مقبول ترین ساحلی تفریح گاہ کلفٹن اور کیماڑی بھی اسی ضلع میں واقع ہیں جہاں شہریوں کی بڑی تعداد اور دیگر شہروں سے آنے والے لوگ تفریح کے لئے آتے ہیں اور کلفٹن کے ساحل پر واقع حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر بھی حاضری دیتے ہیں جس کی وجہ سے کوٹھاری پریڈ سے لے کر سی ویو کے ساحل تک شہریوں کی آمدورفت میں بے تحاشہ اضافہ ہوچکا ہے ۔