کراچی : اے این پی کے کارکن سمیت 6 افراد کی ٹارگٹ کلنگ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) شہر قائد میں پیر کے روز فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں مزید اے این پی کے کارکن سمیت 6 افراد کی جانیں چلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق فرنٹیئر کالونی گذشتہ رات نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اے این پی کے کارکن کو قتل کر دیا۔ اے این پی رہنما شاہی سید نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کارکن کے قتل کیخلاف اے این پی آج وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس کے باہر دھرنا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نعشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں۔ اے این پی کارکنوں نے رات گئے احتجاج کرتے ہوئے ساتھی کارکن کی نعش وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے رکھ کر دھرنا دیا۔ دریں اثناء منگھو پیر میں فائرنگ سے ایک نوجوان اور بلال کالونی میں گولیاں چلنے سے نامعلوم شخص دم توڑ گیا۔ فرنٹیئر موڑ پر بم حملے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ لی مارکیٹ میں بس سٹاپ کے قریب فائرنگ کرکے 25 سالہ عمر داد جو رکشہ ڈرائیور اور لیاری کا رہائشی تھا، قتل کر دیا گیا۔ ادھر عیسیٰ نگری قبرستان چند روز قبل فائرنگ سے زخمی ہونے والا 35 سالہ وسیم ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ نیو کراچی کے علاقے میں فور کے چورنگی پر نامعلوم افراد نے ایک شخص کو گولیوں سے چھلنی کر دیا۔ ناظم آباد میں گولیاں لگنے سے 35 سالہ پولیس اہلکار سہیل صدیقی شدید زخمی ہو گیا۔