پاک بحریہ کے جنگی یونٹس کی آپریشنل صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ
کراچی( سٹاف رپورٹر)چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے آج شمالی بحیرئہ عرب میں پاک بحریہ کے جنگی یونٹس کی آپریشنل صلاحیتوں کا ایک شاندار مظاہرہ دیکھا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ رئیر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی اس موقع پر نیول چیف کے ہمراہ تھے۔حربی صلاحیتوں کے اس شاندار مظاہرے میں پاک بحریہ کے متعدد بحری اور فضائی یونٹس نے حصہ لیا۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس موقع پر پاک بحریہ کے جہازوں پر تعینات افسروں اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ان کے عزم و حوصلے کی تعریف کی۔ ایڈمرل عباسی نے فلیٹ یونٹس کی بہترین آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور افسروں اورجوانوں سے زور دے کر کہا کہ وہ موجودہ اور مستقبل کے بحری چیلنجز سے نبر د آزما ہونے کے لیے تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے آپریشنل حالات سے آگاہ رہیں۔