ریئر ایڈمرل عبد العلیم نے پاک بحریہ کی کوسٹل کمانڈ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ریئر ایڈمرل عبد العلیم نے پاک بحریہ کے نئے کمانڈر کوسٹ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ تبدیلی کمانڈ کی پروقار تقریب پیر کے روز پی این ایس اقبال میں منعقد ہوئی۔ بحیثیت کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل عبدالعلیم ساحلی پٹی اور کریکس ایریا میں قائم پاک بحریہ کے تمام یونٹس اور تنصیبات کے انچارج ہوں گے۔ علاوہ ازیں وہ پاک بحریہ کے اسپیشل سروسز گروپ اور پاک میرینز کے بھی سربراہ ہوں گے۔ ریئر ایڈمرل عبد العلیم نے 1984ءمیں پاک بحریہ کی آپریشن برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ آپ بین الاقوامی کاﺅنٹر پائیریسی ٹاسک فورس151 کی کمان کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کے ڈسٹرائر اسکواڈرن گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر کی کمان کرچکے ہیں۔ آپ ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف پروجیکٹس پاکستان نیوی وار کالج کے کمانڈنٹ اور فلیگ آفسر سی ٹریننگ جیسی اہم خدمات بھی انجام دے چکے ہیں۔ آپ پی این وار کالج نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور نیول وار کالج امریکہ سے گریجویٹ ہیں۔ گرانقدر خدمات کے اعتراف میں ریئر ایڈمرل عبدالعلیم کو ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔
ریئر ایڈمرل