کراچی‘ سیاسی جماعت کے 2 کارکنوں سمیت 11 ملزم گرفتار‘ اسلحہ برآمد

کراچی(کرائم رپورٹر)قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے شہرقائد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران سیاسی جماعت کے 2کارندوں سمیت 11افرادکو گرفتار کرلیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں پولیس اور حساس ادارے نے کارروائی کر کے 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے لائنز ایریا اور بفرزون میں کارروائیاںکرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ملزمان کی شناخت فرید اور نواز کے نام سے ہوئی ہے۔فرید اور نواز کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ علاوہ ازیں رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارکر دہشت گردی ٹارگٹ کلنگ منشیات فروشی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث چھ ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ایمونیشن اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔ پاکستانی رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق رینجرز نے منگھوپیر میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان سوات سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں بادشاہ اسلام‘ محمد افضل اور مہر گل عرف گل خان کو گرفتار کیا جو ٹارگٹ کلنگ‘ دہشت گردی اور اغواءبرائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ سپر مارکیٹ کے علاقے سے لیاری گینگ وار کے ایک کارندے سلطان کو گرفتار کیاگیا جبکہ عوامی کالونی کے علاقے سے منشیات فروش محمد رضوان اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزم عدنان کو گرفتار کیا گیا۔
کراچی گرفتار