وزیراعظم کا مور مرنے پر سخت حکومتی رد عمل، ’’شیر‘‘ مر گیا تو شاید بڑا آپریشن کیا جائیگا: بلاول

وزیراعظم کا مور مرنے پر سخت حکومتی رد عمل، ’’شیر‘‘ مر گیا تو شاید بڑا آپریشن کیا جائیگا: بلاول

کراچی (آئی این پی+ نوائے و قت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کا وزیر اعظم کے مور کے مرنے پر رد عمل طالبان کے حملوں کے خلاف حکومتی رد عمل سے زیادہ سخت ہے، مور کے مرنے پر اتنی کارروائی ہورہی ہے ’’شیر‘‘ مر گیا تو شاید بڑا آپریشن کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کی مور کی ہلاکت میں ملوث ہونے کے شبہ میں بلا نامی شخص کے پنجاب پولیس کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے کی سوشل میڈیا کی خبر پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت وزیر اعظم کے مور کے مرنے پر انتہائی سخت رد عمل کا مظاہرہ کر رہی ہے، اتنا تو اس نے کبھی کالعدم تحریک طالبان  کے دھماکوں اور خود کش حملوں پر بھی نہیں کیا۔ بلاول نے کہا کہ اگر وزیر اعظم کا ’’شیر‘‘ مر گیا تو پھر تو شاید بڑا آپریشن کیا جائے گا۔ مور کی موت کے مشتبہ ملزم ''بلا'' کے خلاف سرجیکل آپریشن کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ لسانی بنیادوں پر تفریق برداشت نہیں کی جائے گی۔ پاکستان کو قائداعظمؒ اور بھٹو کا ملک بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔