کراچی: فائرنگ سے 3 ہلاک، مشتعل افراد نے 6 گاڑیاں، پٹرول پمپ جلا دیا

کراچی(نامہ نگار) کراچی کے مختلف علاقوں میں بدھ کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے ۔ مشتعل افراد نے گلستان جوہر میں 6 گاڑیوں ایک پٹرول پمپ کو جلا دیا، سڑکوں پر ٹائر جلائے گئے آمدورفت معطل ہوگئی۔ ہنگامہ آرائی اور ہوائی فائرنگ کے باعث گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، قائد آباد، لانڈھی، پرانی سبزی منڈی اور دیگر علاقوں میں دکانیں اور بازار بند ہوگئے۔ شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ سے سعید خان ہلاک ہوگیا، رابعہ سٹی گلستان جوہر میں دو افراد رضا خان اور عاطف خان زخمی ہوگئے۔سپر ہائی وے پر نامعلوم افراد نے گاڑیوں میں پھنسے افراد سے لوٹ مار کی، دریں اثناءاے این پی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہنگامہ آرائی کرنے والے لینڈ مافیا کے لوگ ہیں، انہوں نے اپیل کی کہ قانون نافذ کرنے والے امن کے لئے سخت کارروائی کریں۔ گلستان جوہر میں دو گروہوں کے تصادم نے ہنگاموں کی شکل اختیار کرلی۔ لانڈھی میں ٹریفک کے حادثے میں پیپلز پارٹی کے علاقائی صدر کے زخمی ہونے کے بعد مسافر کوچ کو نذر آتش کر دیا گیا۔ سعید آباد پولیس نے لیاری گینگ وار میں ملوث خطرناک ملزم خالد ایرانی عرف ڈاڈا بلوچ جس کا تعلق ارشد پپو گروپ سے ہے کو گرفتار کرلیا۔