پنجاب حکومت کے کچھ لوگ کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کررہے ہیں ، شرجیل میمن

پنجاب حکومت کے کچھ لوگ کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کررہے ہیں ، شرجیل میمن

کراچی (وقائع نگار) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ پر پنجاب حکومت کی طرف سے یوم سوگ کا اعلان نہ کرنا افسوس ناک ہے۔ پنجاب حکومت کے کچھ لوگ کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کررہے ہیں۔ وہ بدھ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کوئٹہ کے واقعہ پر جتنا افسوس کیا جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ پنجاب حکومت نے اس سانحہ پر یوم سوگ کا اعلان نہیں کیا۔ پنجاب کے حکمران طالبان سے پنجاب پر حملے نہ کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے کچھ لوگ کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کررہے ہیں۔ ہم سب کو اختلافات بھلا کر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیئے مل کر لڑنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کے کچھ لوگوں پر مقدمات ختم کئے گئے ہیں، لیکن یہ مقدمات سنگین نوعیت کے نہیں بلکہ عام نوعیت کے تھے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے لوگ الزام تراشی نہ کریں۔ حالات کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دوست 4 سال 11 ماہ ہمارے ساتھ رہے۔ آخری وقت بھی وہ ہمارے ساتھ رہتے تو اچھا ہوتا۔