کراچی اور حیدر آباد میں ریلوے ٹریک کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا

کراچی اور حیدر آباد میں ریلوے ٹریک کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا

کراچی/ حیدر آباد (کرائم رپورٹر/ نامہ نگار) کراچی اور حیدر آباد میں ریلوے ٹریک کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا۔ کراچی میں بن قاسم کے علاقے میں پیر کی شب ریلوے ٹریک پر دھماکے سے ٹرین سروس متاثر ہو گئی۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں 3سے 4کلو بارود ی مواد استعمال کیا گیا جس سے ریلوے لائن کے ایک حصے کو نقصان پہنچاتاہم خوش قسمتی سے اس وقت کوئی ٹرین نہیں گزر رہی تھی جس کی وجہ سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔ بعدازاں کراچی سے جانے او ر آنے والے ٹرینوں کو دوسرے ٹریک سے گزارا گیا۔ متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت شروع کردی گئی۔ دریں اثناء حیدر آباد کے علاقے حسین آباد میں نامعلوم شرپسندوں نے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑادیا تاہم دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں پڑی کا ڈیڑھ فٹ حصہ اڑ گیا جس کے بعد ٹرینوں کو مختلف مقامات پر روک لیا گیا۔ بزنس ٹرین اور تیز گام کو حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر روکا گیا۔ بعد میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے پٹڑی کا معائنہ کرنے کے بعد اسے کلیئر قرار دیدیا جس کے بعد ریلوے انتظامیہ نے پٹری کی مرمت کرکے ریلوے ٹریفک بحال کردیا۔ پولیس نے دھماکے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن کرکے کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ تقریباً 2 گھنٹے کے بعد اَپ اور ڈائون ٹریکس پر ریلوے ٹریفک بحال کر دیا گیا۔