چینی صدر کی آمد، صرف شہباز شریف موجود، باقی وزرائے اعلیٰ کہاں تھے؟ الطاف

چینی صدر کی آمد، صرف شہباز شریف موجود، باقی وزرائے اعلیٰ کہاں تھے؟ الطاف

کراچی، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الطاف حسین نے کہا ہے کہ تاریخی اعتبار سے چینی صدر کی آمد کادن بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ چینی صدر دورئہ پاکستان پر آئے ہیں، اسلام آباد اور پنجاب کو دلہن کی طرح سجایا گیا۔ ان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ جناح گرائونڈ میں کارکنو ں سے خطاب میں انہوں نے کہا چینی صدر نے پاکستان کا دورہ کیا ہے یا پنجاب کا؟ اگر پاکستان کا دورہ کررہے تھے تو استقبال کیلئے صرف شہباز شریف کیوں موجود تھے؟ سندھ، بلوچستان اور خیبر پی کے کے وزرائے اعلیٰ کہاں تھے۔ اچھا ہوتا اگر استقبال کیلئے پورے ملک سے نمائندگی ہوتی۔ وزیراعظم کی صاحبزادی کس حیثیت میں موجود تھیں۔ ایسا عمل نہ کیا جائے جس سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی پیدا ہو۔ ہماری خواہش ہے کہ صوبہ پنجاب خوب ترقی کرے مگر ملک کے دیگر صوبوں کے عوام کی ترقی و خوشحالی کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔ وفاقی حکومت نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی۔ کراچی، پشاور اور کوئٹہ بھی پاکستان کا حصہ ہیں۔ کراچی شہر سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے کیا کراچی کے عوام کو ماس ٹرانزٹ منصوبے کی ضرورت نہیں، کراچی کی ترقی کیلئے کونسا منصوبہ بنایا گیا۔ چاہتے ہیں لاہور کی طرح تمام شہر ترقی کریں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنماشاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چینی صدر کی تقریب میں سندھ، بلوچستان اور خیبر پی کے کے وزرائے اعلیٰ کو بھی مدعو کیا جانا چاہئے تھا۔