وفاقی اردو یونیورسٹی کے اسٹاف کے مسائل حل کئے جائیں گے‘ پروفیسر ظفر اقبال
کراچی(نیوز رپورٹر)وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا ہے کہ کلیہ فارمیسی سمیت جامعہ کے تمام شعبہ جات کے مسائل جلد از جلد حل کر دیئے جائیں گے۔کلیہ فارمیسی کے اساتذہ سے ہونے والی ملاقات میں انہو ں نے کہا کہ کلیہ فارمیسی کے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں اور پاکستان فارمیسی کونسل سے الحاق کا معاملہ بھی جلد از جلدطے کرایا جائے گا ۔ ملاقات کے دوران ان کے ہمراہ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین بھی موجود تھے۔شعبہ کیمیا ءکے اساتذہ کے وفد نے بھی شیخ الجامعہ سے ملاقات کی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ شعبہ کیمیا کے وفد میں رکن سینیٹ ڈاکٹر افتخار طاہری، ڈاکٹر کوثر یاسمین، جی آر ایم سی کے رکن ڈاکٹر ساجد جہانگیر و دیگر
اساتذہ شامل تھے۔ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبا ل سے طلبہ تنظیموں کے وفود نے بھی عہدیداروں سمیت ملاقات کی شیخ الجامعہ کا عہدہ سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔