سیکرٹری ایجوکیشن اور اساتذہ کے درمیان تنخواہوں کیلئے ملاقات آج ہو گی
کراچی (نیوز رپورٹر) سیکرٹری تعلیم سندھ اورپانچ سال سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ کی تنظیموںکے عہدیداروں کے درمیان ملاقات آج بدھ کو ہو گی‘ملاقا ت کے دوران سیکرٹری تعلیم سندھ عبد العزیز عقیلی آئندہ دو ماہ میں اہل اساتذہ کو تنخواہیں جاری کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائیں گے تاہم نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ابو بکر ابڑو اور ٹیچرز ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین ظہیر احمد بلوچ نے سیکرٹری تعلیم کے تاخیری حربوں اور جائزو غیر قانونی بھرتیوں کے جانچنے کے طریقہ کارپر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے مختلف اضلاع میں سال2012ء کے دوران بھرتی ہونیوالے اساتذہ کی تنخواہوں کے اجراء کا معاملہ انصاف پر مبنی ہونا چاہئے اگر پسند یا ناپسند کی بنیاد پر کوئی فیصلہ ہوا تو ہمیں دوبارہ سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم سال2012ء کے اساتذہ کے ریکارڈ کی چھان بین شفاف طریقے سے ایماندار افسران کے ذریعے کرائے اور اگر سیکرٹری ایجوکیشن نے ہمیں دوہ ماہ میں تنخواہیں جاری کی یقین دہانی کا خط نہیں دیا تو ہمیں ان کی نیت پر شک کرنے کا پورا حق ہو گا۔دوسری جانب ٹیچرز ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین ظہیر احمد بلوچ ‘وائس چیئرمین علی محمد‘سیکرٹری طلاعات محمد اسحاق اور دیگر رہنمائوں محمد ارشادمیر زمان خاصخیلی‘ ایم ذوالفقارنے اساتذہ کے احتجاج پر پولیس گردی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگرہمیں آج بدھ کو وعدہ کے مطابق دو ماہ بعد تنخواہیں جاری کرنے کا نوٹیفکیشن نہیں دیا گیا تو اساتذہ پہلے سے بھی سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے ہم کسی بھی دبائو میں نہیں آئیں گے‘ تنخواہیں ہمارا حق ہے ا س پر سودے بازی نہیں ہو گی۔
اساتذہ/ مذاکرات