عمران کو سیاسی لباس پہنانے سے اس کا ماضی نہیں چھپ سکتا‘ پیپلزپارٹی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انچارج میڈیا سیل بلاول ہائوس سریندر ولاسائی نے حیدر آباد میں عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنہوں نے کٹھ پتلی خان کو گالیوں کا لائسنس دیا وہ بھی اس کی گالیوں کی زد میں آنے والے ہیں‘ عمران کو سیاسی لباس پہنانے سے اس کا ماضی نہیں چھپ سکتا‘ آصف زرداری پر تنقید کرنے سے پہلے عمران اپنے باپ دادا کا تعارف کرائیں جس شخص کی بہنیں اس کا منہ دیکھنا پسند کرتیں وہ اخلاقیات سکھا رہا ہے ۔عمران اور لیاقت جتوئی میں کیا مماثلت ہے لوگ جاننا چاہتے ہیں‘ پیپلز پارٹی جمہوریت اور عوام کے پروانوں کی جماعت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی خان کا کھیل صرف میلے کے لکی ایرانی سرکس ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بول کر سندھ کے لوگوں کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ سریندر ولاسائی نے کہا کہ نوکری اور سیاست میں فرق نہ سمجھنے والا جھوٹا شخص ملک کیسے چلا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوکری عمران خان کو مبارک ہو ۔بلاول سیاستدان ہیں اور سیاست کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے سیاسی کچرے کو اکٹھا کر کے پی پی کو چیلینج کرنے والے کو ناکامی ہوگی آج بلاول بھٹو کیلئے جو سوال عمران خان کر رہے ہیں وہی سوال بے نظیر سے متعلق ضیاکیا کرتا تھا۔سریندر ولاسائی نے کہا کہ عمران خان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ضیاکی باقیات اور نواز شریف کا متبادل ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینزکے مرکزی اطلاعات سیکرٹری مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مسلسل شکستوں نے عمران خان کو چڑچڑے پن کا شکار بنا دیا ہے آج ایک چڑا ہوا شخص تقریر کر رہا تھا،عمران قومی مسائل پر بولنے کے بجائے ذاتی حملے کر رہا تھا ۔حاکم علی زرداری پر بولنے والا بتائے کہ ان کے والد کو کس جرم کے تحت نوکری سے نکالا گیا تھا؟۔سندھ میں کسی بھی ایک سیاسی ورکر کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ عمران کو سندھ کی صورتحال کے بارے میں پتا ہی نہیں ہے ۔عمران کو وزیر اعظم بننے کا شوق ہے کیا ان کو پہلے وزارت عظمی چلانے کا تجربہ ہے؟ ۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے جلسے کے بارے میں عمران کو بڑی خوش فہمی تھی ،جو دور ہو گئی‘ جلسے میں لوگوں کی عدم شرکت نے عمران کو چڑچڑا بنا دیا‘ تقریر کے دوران اپنے ہی کارکنان کو ڈانٹنے والے عمران کو پتہ چل گیا ہے‘ سندھ کے لوگ صرف اور صرف پیپلز پارٹی چاہتے ہیں۔
پیپلز پارٹی