کراچی: رینجرز کیساتھ مقابلہ ایک دہشت گرد ہلاک2 فرار
کراچی(کرائم رپورٹر) میمن گوٹھ ملیر میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں ایک دہشت گرد ہلاک دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد کی شناخت غفور عرف چھوٹو کے نام سے ہوئی جو لیاری گینگ وار میں ملوث بابا لاڈلا گروپ کا ملیر کا کمانڈر اور ماضی میں رحمان ڈکیت کا بھی قریبی ساتھی تھا۔ رینجرز نے کارروائی کے دوران ملزم غفور چھوٹو کے قبضے سے ایک سب مشین گن بمعہ پانچ رائونڈ، ایک نائین ایم ایم پستول بمعہ دس رائونڈ اور ایک دستی بم بھی برآمد کیا۔ ملزم غفور چھوٹو 2006ء میں حب کے علاقے میں تین غیر ملکیوں کے قتل کے علاوہ کراچی میں پولیس پرحملوں، بھتہ خوری، منشیات فروشی اور اغواء برائے تاوان سمیت درجنوں مقدمات میں ملوث تھا اور ملیر میں خوف کی علامت بنا ہوا تھا یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملزم غفور عرف چھوٹو کافی عرصہ تک ایران میں روپوش ہونے کے بعد حال ہی میں واپس کراچی آیا تھا۔