لوٹی قومی دولت کا حساب مانگنا جرم نہیں‘ ضیا عباس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاستداں اورمسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ لوٹی ہوئی قومی دولت کا حساب مانگنا جرم نہیں قائد اعظم جیسے قومی رہنما نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن دیا اور علی بابا چالیس چور اس مملکت خداداد کی اینٹھیں اکھاڑنے میں لگے رہے اب ہمیں ملک کی حفاظت اور تعمیر نو ہی نہیں کرنی بلکہ قومی دولت لوٹنے اور ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے والوں کا بلاامتیاز احتساب بھی کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سید ضیاء عباس نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر حاجی علی بخش ‘ شمس الدین فاروقی اور عدنان احمد کی زیر قیادت مضافاتی علاقوں کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کرسکی۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے۔ بے روزگاری کی وجہ سے لوگ آج بھی خودکشیاں کررہے ہیں جبکہ حکمرانوں کے اثاثوں کا کوئی شمار نہیں۔ دبئی کے ٹاور اور لندن کے فلیٹس غریب عوام کا منہ چڑارہے ہیں۔ اس کے باوجود مجھے کیوں نکالا کا سوال سمجھ سے بالاتر ہے۔ سید ضیاء عباس نے مقدمات اورفرد جرم عائد کئے جانے کے باوجود وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے عہدے سے چمٹے رہنے کو بھی ڈھٹائی سے تعبیر کیا اور کہا کہ سوال پوچھنے والوں کو عدلیہ ہی نہیں عوام کے سامنے بھی جواب دینا پڑے گا۔
ضیا عباس