گلو بٹ کی سازش کے تحت عدالت میں درگت بنوائی گئی ، حلیم عادل شیخ

گلو بٹ کی سازش کے تحت عدالت میں درگت بنوائی گئی ، حلیم عادل شیخ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے مکروہ چہروں اوردس بارہ لوگوں کی لاشوں سے توجہ ہٹانے کے لیے گلو بٹ کو سازش کے تحت عدالت میں عوام سے درگت بنوائی تاکہ عوام اپنا سارا غصہ گلو بٹ پر اتار لے ۔ایک طرف یہ بھی ممکن ہے کہ گلو بٹ کے زبا ن کھولنے سے قبل اس کو مروادینے کی ساز ش کی جارہی ہو جبکہ دوسری جانب موجودہ ایشوز سے توجہ ہٹانے کے لیے بھی گلو بٹ کی پٹائی کروائی جاسکتی ہے اور اگر یہ واقعہ اتفاقیہ بھی ہے تو یہ ایک بار پھر پنجاب پولیس کی ناکامی ہوگی۔ قوم نے دیکھ لیا کہ تمام توڑ پھوڑ کے دوران نے پولیس نے خود گلوبٹ کو حفاظتی تحویل میں رکھا اور ماراماری کے دوران یہ خود بھی بوتلیں پیتا دکھائی دیا اور پولیس کی بھی پیاس بجھاتا رہا۔ ملک میںانتہا پسند حکومت کا ایک دن بھی رکنا ملک کوعراق کی گلیوں میں تبدیل کردینے کے مترادف ہے ۔حکومت اپنی بربریت کو چھپانے کے لیے مزید حماقتوں سے گریز کرے اور وہ اگر حالات کو معمول پر لانا چاہتی ہے تو اپنے وزراء کے اظہار خیال اور بیانات پر پابندی عائد کرے۔حکومت نے اپنے ایک سال میں کچھ اچھا نہیں کیا ملکی حالات ایک پل کے لیے بھی بہتر نہ ہوسکے ، ملک میں انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کو ہے ،جس بے دردی کے ساتھ خواتین کو بالوں سے پکڑ کر سڑکوں پر گھسیٹا گیا اور لاشوں کی بے حرمتی کی گئی ہے اس کی کسی بھی مہذب معاشرے میں مثال نہیں ملتی۔ اس وقت شہباز شریف کے استعفے کے بغیر جوڈیشنل انکوائری کا کہنے والے ملک اور قوم دونوں کے دشمن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں لیگی کارکنان سے ملاقات میں کیا۔ جنرل سیکرٹری مسلم لیگ سندھ غلام سرور سیال،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری جی آربلوچ،کراچی کے صدر جعفر الحسن ، سیکرٹری ایڈمنسٹریشن نعیم شیخ ،یوتھ ونگ کے صوبائی صدرآغا رفیع اللہ ،خواتین رہنما فریدہ لغاری اور شیزی مقصود بھی موجود تھیں۔