,پاک فضائیہ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہے، گورنر سندھ
کراچی ( اسٹاف رِپورٹر ) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ پاک فضائیہ ملک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کی نگہبان ہے ، بیرونی خطرات سے نمٹنے میں ایئر فورس کی کارکردگی قابل فخر ہے ، دشمن کےخلاف جنگ میں ہماری مسلح افواج با الخصوص ایئر فورس نا قابل یقین کارکردگی کا مظاہرہ دکھا چکی ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا پاکستان کی ایئر فورس کی کارکردگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس میں کمانڈر سدرن ایئر کمانڈ ایئر وائس مارشل محمد حسیب پراچہ سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں ایئر فورس کی تربیتی صلاحیتوں ، کارکردگی ، جاری صورتحال اور دیگر اہمیت کے امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ایئر فورس ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہے اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں موجودہ حکومت ہر ممکن تعاون کررہی ہے ، بیرونی اور اندرونی جاحیت سے نمٹنے میں ایئر فورس کی کارکردگی اپنی مثال آپ ہے ۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ معاشرہ کو منشیات جیسی موذی لعنت سے پاک کرنے اور نوجوان نسل کو اس سے محفوظ بنانے کے لئے اس گھناﺅنے کاروبار میں ملوث عناصر کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے اس ضمن میں انسداد منشیات فورس (ANF) اہم کردار ادا کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس میں اینٹی نار کوٹکس فورس کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل مسرت نواز ملک سے ملاقات میں کیا ۔ اس موقع پر اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے کمانڈر بریگیڈیئر نو ر الحسن بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں منشیات کے خاتمہ، اس میں مبتلاءافراد کے علاج و معالجہ، اینٹی نا رکوٹکس فورس کی کارکردگی ، صوبہ میں اٹھائے گئے اقدامات سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔