مہاجروں کی کامیابی اتحاد میں مضمر ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر
کراچی (اسٹاف رپو رٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی کے پرامن حالات اور مہاجروں کی کامیابی صرف اور صرف اتحاد میں مضمر ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ قاتل اور مقتول کی جنگ کو ختم کرکے آپس میں بیٹھ کر لائحہ عمل طے کیاجائے تاکہ مہاجروں کی صحیح منزل کا تعین اور ان کے مقاصد کے تکمیل ممکن ہوسکے۔ ماضی کے غلط فیصلوں کا مداوا صرف اور صرف اسی میں ہے کہ مہاجر قائدین اور مہاجر اکابرین متحد ہوجائیں۔ انہوں نے کہاکہ برسوںسے مہاجر کارکنوں اور مہاجر عوام قربانیاں دے رہے ہیں، اب مہاجر قیادت کو اپنی ذاتی انا اور مفادات کی قربانی دینی ہوگی تاکہ کراچی اور حیدرآباد میں مہاجر مینڈیٹ اور مہاجروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ آج تک مہاجر گمراہ کن نعروں اور پرفریب نعروں کی بھینٹ چڑھتے رہے۔ تمام تر اختیارات ہونے کے باوجود بھی مہاجر قوم کے ہاتھ اور دامن خالی ہیں۔ مہاجر عوام تیزی سے مایوسی کی طرف بڑھ رہے ہیں کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیںکہ آج اُن کے حقوق کا تحفظ کرنے کے بجائے مہاجر قائدین آپس کے اختلافات اور گروہ بندی کا شکار ہوگئے ہیں۔ جبکہ مہاجر دشمن قوتیں اعلانیہ مہاجروں کو سندھ سے نکالنے اور سمندر برد کرنے کی باتیں کررہے ہیں ۔