کراچی میں ایک اور کمسن بچی سے زیادتی، ملزم چچا نکلا
کراچی (خصوصی رپورٹر) کراچی کے علاقے سچل میں ایک اور کمسن بچی کو زیادتی کا نشانی بنایا گیاہے اور زیادتی کرنے والا اس کا چچا نکلا، بچی سے زیادتی کامقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے ملزم کی عدم گرفتاری کا نوٹس لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں سچل کے علاقے میں ایک اورکمسن بچی کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا، اہلخانہ نے الزام لگایا کہ زیادتی کسی اور نے نہیں چچا نے کی ہے۔ بچی کی خالہ کے مطابق پولیس تعاون نہیں کر رہی، سچل پولیس کیس دبانا چاہتی ہے اور مبینہ ملزم کی گرفتاری میں ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔ زیادتی کا واقعہ سچل تھانے کی حدود گبول گوٹھ میں رپورٹ ہوا ۔صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے ملزم کی عدم گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سے رپورٹ مانگ لی ہے۔ دوسری جانب سچل میں مبینہ زیادتی کا شکار ہونے والی بچی کے والدین وزیرداخلہ کے دفترپہنچ گئے، وزیرداخلہ سندھ نے والدین کو بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہاکہ چاہے کوئی کتنا بھی بااثرکیوں نہ ہوکارروائی کی جائے گی، ڈی آئی جی ایسٹ کوانکوائری افسرنامزد کر دیا گیا ہے، ملزمان کوقانون کی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے گھنائونے فعل میں ملوث ملزمان سے رعایت نہ برتی جائے۔ وزیر داخلہ نے متاثرہ خاندان کو ڈی آئی جی ایسٹ کے دفتر جانے کیلئے اپنی گاڑی دی اور اپنا پرسنل اسٹاف افسر بھی خاندان کے ہمراہ روانہ کیا۔