کراچی کو دہشتگردوں سے پاک کردیا جائیگا، تاجروں کے تحفظات دور کرینگے، جنرل قمر باجوہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کراچی کو دہشتگردوں سے پاک کردیا جائے گا، قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی کے امن کے لئے کام کرتے رہیں گے، شہر میں امن کے قیام کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے اور رواں سال کراچی کے حالات میں مزید بہتری نظر آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو تاجر و صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تاجر و صنعت برادری کے 40 رکنی وفد نے جمعرات کو کور ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف جنرل جاوید قمر باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی کے تاجروں نے صحت و صفائی سے متعلق حکومت سندھ کے ناقص اقدامات کی شکایت کی اورکہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کوگندا ترین شہر بنا دیا ہے۔ ملاقات دوگھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی، ملاقات میں ایس ایم منیر، زبیر طفیل، شمیم فرپو سمیت تاجروں اور صنعتکاروں کے نمائندے اور اہم شخصیات شامل تھیں، وفد نے کراچی میں امن و امان اور ترقیاتی مسائل کے حوالے سے شکایات کے انبار لگادیئے۔ ملاقات کے دوران تاجر رہنماوں نے شکایت کی کہ شہر کے حالات تاجروں کے لئے سازگار نہیں، کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنادیا گیا ہے ۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک میں کراچی کی اہمیت واضح ہے، کوئی اس خیال میں نہ رہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کو سراٹھانے کا موقع دیں گے۔ شہر میں قیام امن کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے کام کررہے ہیں، کراچی آپریشن جاری ہے اور یہ شہر سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔ آرمی چیف نے کہا کہ کراچی آپریشن نہیں رکے گا، تاجروں کے تحفظات دور کریں گے۔ رینجراسٹریٹ کرائمز کا بھی جڑ سے خاتمہ کرے گی۔ تاجروں نے آرمی چیف کو تجویز دی کہ رینجرز کو اختیارات تین تین ماہ کے بجائے ایک سال کے لئے دیئے جائیں۔اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے رینجرہیڈکوارٹر کا دورہ کیاجہاں ڈی جی رینجرمیجر جنرل محمد سعید نے انکا استقبال کیا اورکراچی آپریشن پرآرمی چیف کوبریفنگ دی۔