سانحہ سیہون شریف میں ملوث خودکش حملہ آور کی شناخت ہو گئی
کراچی(کرائم رپورٹر) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ سانحہ سیہون کے خود کش حملہ آور کی شناخت ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ سیہون کے حملہ آور کی نشاندہی کرلی گئی ہے‘ حملہ آور کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشتبہ حملہ آور کا نام معلوم نہیں ہوسکا ہے‘ تاہم خودکش حملہ آور کی شناخت کرلی گئی ہے۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں ”حفیظ بروہی“ کا دہشت گردی کا نیٹ ورک ہے‘ ہوسکتا ہے کہ سانحہ سیہون میں حفیظ بروہی گروپ ملوث ہو۔اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ سانحہ سیہون کے بعد رش کے باعث شواہد اکٹھے کرنے میں دشواری کا سامناکرنا پڑا تھا‘ تاہم واقعے کی تفتیش بہتر اندازمیں آگے بڑرہی ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا ہی حملہ آور ہے‘ ان کا کہنا ہے کہ حملے میں حفیظ بروہی کے ملوث ہونے کونظراندازنہیں کرسکتے‘ دھماکے سے تعلق کے شبے میں خیر پور اور جوہی سے تین ملزمان گرفتار کئے ہیں۔ ویڈیو کے مطابق حملہ آورنے مردوں کے گیٹ سے داخل ہونے کی کوشش کی لیکن حملہ آورپیچھے ہٹا اور پھر لوگوں کے پیچھے مزار کے اندر داخل ہوا۔ سیکیورٹی کےلئے گیٹ پر کھڑا ہوا اہلکار زائرین کی ٹھیک سے تلاشی نہیں لے رہاتھا۔ سیہون دھماکے میں حفیظ بروہی گروپ کے ملوث ہونے کو نظر اندازنہیں کرسکتے۔ حفیظ بروہی کا سندھ میں دہشت گردی کا نیٹ ورک قائم ہے۔ اے ڈی خواجہ نے بتایا کہ سانحہ سیہون سے متعلق تفتیش آگے بڑھ رہی ہے۔ سی ٹی ڈی‘ پولیس‘ رینجرز اور حساس ادارے تحقیقات کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رش کے باعث شواہد اکٹھے کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔