طاہر القادری اور عمران کو اللہ رسولؐ اور قرآن پاک کا واسطہ حکومت کو مذاکرات کا ایک موقع اور دیدیں: الطاف
لندن (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، ہم اپنی اپنی ضد، ہٹ دھرمی اور انا کے خول میں بند ہوکے ملکی سلامتی کی صورتحال کو بالائے طاق رکھ رہے ہیں۔ میں بار بار اپیلیں کرتا رہا کہ فریقین آپس میں مذاکرات کریں آج بھی عمران خان اور طاہر القادری کو قرآن پاک، اللہ اور رسول کا واسطہ دیکر کہتا ہوں کہ ایک موقع موجودہ حکومت کو دیکر بات چیت کا آغاز کریں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریڈ زون میں شیلنگ، لاٹھی چارج، ربڑ کی گولیاں چلیں اور خون بہے جو مریں گے وہ پاکستانی اور مسلمان ہوں گے، مجھے گزشتہ کئی دنوں سے نہ کھانے کا وقت ملا اور نہ سونے کا، ہم جمہوری قدروں کو بھلا بیٹھے ہیں۔ ہمیں جمہوریت کی اصلاح کرنی چاہئے۔ میری اپیل ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف بڑا دل کریں اور طاہر القادری، عمران کے پاس جائیں اور مذاکرات کریں۔