مراد علی شاہ ، نجم سیٹھی ملاقات ، پی ایس ایل کے 4 میچ کراچی میں کرانے کافیصلہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) فروری 2018 میں پی ایس ایل کے 4 میچز کراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بدھ کوچیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے وزیراعلیٰ ہاﺅس میںوزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعلی سندھ نے کہاکہ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع کی جائے، کراچی پرامن شہر ہے اور کراچی کے شہریوں کا بھی حق ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ دیکھیں، نیشنل اسٹیڈیم کو بحال کرنے کے لئے کام کررہے ہیں جب کہ اگر آپ چاہیں گے توائرپورٹ سے ٹیم کے ہمراہ ہوٹل تک میں خود آﺅں گا۔مراد علی شاہ نے نجم سیٹھی کوسیکیورٹی کے حوالے سے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کررہے ہیں اورجوسیکورٹی کے معیارآپ کے ہیں سندھ حکومت اس قسم کی سیکیورٹی فراہم کرے گی۔ترجمان وزیراعلیٰ ہاﺅس کے مطابق فروری 2018 میں پی ایس ایل کے 4 میچزکراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے وزیراعلی نے پی سی بی کے سیکیورٹی انچارج اورآئی جی سندھ کی ملاقات طے کروادی ہے جس کے بعد سیکیورٹی انچارج کرنل اعظم کی آئی جی پولیس سے ملاقات ہوگی۔دریں اثنا ءپاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز لاہور میں کرادیئے اب کراچی کی باری ہے، وزیر اعلی سندھ نے میچز کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کر ائی ہے، وقت کم ہے 4 دن بعد آئی سی سی کی ٹیم کے سربراہ آرہے ہیں۔بدھ کو چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی سندھ کے ساتھ ملاقات بہت اچھی رہی۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ ہم کراچی میں چار میچز کرانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ وجوہات کے باعث کراچی میں میچ کرانا ممکن نہیں تھا، کراچی اسٹیڈیم کا بہت براحال ہے، اس کو ٹھیک کرانے کاوقت آگیا ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کا کام مرحلہ وار کرایا جائےگا۔ اس کودرست کرنے کے لئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے پی ایس ایل کے میچز کرائیں گے پھر انٹرنیشنل ٹیموں کو بھی لائیں گے۔ کراچی کی کرکٹ اکیڈمی کے لیے اقبال قاسم، سلیم جعفراور اعظم خان کے انٹرویو کیے ہیں، ون ڈے اور ٹیسٹ میں بھارت کو پاکستان سے کھیلنا ہوگا، اگر بھارت نہیں کھیلے گا تو اس کے پوائنٹس کٹ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی سے ایم او یو کے مطابق میچز نہیں ہوئے، ویسٹ انڈیزکی ٹیم پاکستان ضرور آئے گی۔