صارفین ایئرکنڈیشنرز کے استعمال میں کمی کریں:کے ای ایس سی

کراچی (سٹاف رپورٹر)کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی(کے ای ایس سی) نے اپنے صارفین سے کہا ہے کہ اس کے پاور جنریشن پلانٹس کو گیس کی کم فراہمی کے پیش نظر بجلی کی بچت کریں کیونکہ گیس کی یہ کم فراہمی اس کی بجلی کی پیداواری صلاحیت پر منفی اثرات مرتب کررہی ہے۔کے ای ایس سی نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ بجلی کم سے کم استعمال کریں خاص طور پر شام 7:00 بجے تا رات 11:00 بجے کے دوران وہ بجلی کا استعمال انتہائی ممکنہ حد تک کم کردیںکیونکہ اس دوران بجلی کی طلب 2400 میگا واٹ تک بڑھ جاتی ہے۔ کے ای ایس سی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ائر کنڈیشننگ میں بجلی کا قابل فہم اور بجلی کے دیگر آلات کا دورا ندیشی سے استعمال بجلی کے لوڈ کی زیادہ سے زیادہ صارفین تک بہتر تقسیم میں معاون ہوگا۔کے ای ایس سی نے اپنے صارفین کی جانب سے مسلسل حمایت کو سراہا اور کہا کہ کے ای ایس سی کو گیس کی فراہمی بہت حد تک کم کردی گئی ہے جس کی وجہ سے بجلی کی طلب کو پورا کرنے میں بہت زیادہ مشکلات پیش آرہی ہیں۔