دھمکیاں قابل مذمت ہیں‘ آزادی صحافت کا ہر ممکن تحفظ کیا جائےگا: سی پی این ای

دھمکیاں قابل مذمت ہیں‘ آزادی صحافت کا ہر ممکن تحفظ کیا جائےگا: سی پی این ای

کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی بی این ای) نے صحافتی اداروں اور صحافیوں کو طالبان کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ آزادی صحافت کا ہر ممکن تحفظ کیا جائے گا۔ سی پی این ای کے صدر جمیل اطہر قاضی‘ سینئر نائب صدر الیاس شاکر اور سیکرٹری جنرل عامر محمود نے کہا کہ اخبارات نے آمرانہ ادوار میں بھی کسی قدغن کو قبول نہیں کیا اور ہمیشہ آمرانہ حکومتوں‘ سیاسی اور مذہبی جماعتوں‘ مافیاز اور پریشرز گروپس کی جانب سے آزادی صحافت کو کچلنے اور اس کی آواز کو دبانے کی کوششوں کیخلاف جدوجہد کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چند سالوں میں صحافیوں کے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اس امر کے عکاس ہیں کہ انہیں حقائق منظر عام پر لانے پر شہید کیا گیا مگر آزادی صحافت کیلئے ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔