نواز شریف کا اب پھر سے اقتدار میں آنا مشکل نظر آتا ہے، پیر پگارا
کراچی (صباح نیوز) حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ معزول وزیراعظم نواز شریف اگر پنامہ پیپرز میں اپنے خاندان کا نام سامنے آنے کے بعداز خود مستعفی ہوجاتے تو انہیں اس صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا،اب ان کا پھرسے اقتدار میں آنا بہت مشکل نظر آتا ہے۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کو کراچی ریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوںنے کہا کہ دنیا بھر میں جن سربراہوں کا نام پنامہ پیپرزمیںآیا وہ از خود اقتدارچھوڑ کرچلے گئے لیکن میاں صاحب نے ایسا نہیں کیاجسکے باعث انہیںآج بہت مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔ پیر پگارا نے کہا کہ 2013ء کے عام انتخابات میں انکی جماعت کو زبردستی ہرایا گیا اور 15سے17نشستوں کے نتائج تبدیل کرکے پیپلزپارٹی کو کامیابی دلائی گئی لیکن اب صورتحال بدل چکی ہے۔اس وقت نہ پرانے افسران ہیں اور نہ ہی پہلے جیسے حالات اس لئے ہم یہ توقع کرسکتے ہیں کہ جب بھی انتخابات ہوئے جی ڈی اے کے امیدوار کامیابی حاصل کریںگے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم میں بہت سے دھڑے ہیں اور کارکنوں کو قابو میں رکھنا ڈاکٹر فاروق ستار کے بس کی بات نہیںہے۔