الیکشن کمشن جو بھی تاریخ دے بلدیاتی انتخابات کرا دیں گے، قائم شاہ: مارچ میں انعقاد پر تیار ہیں، شرجیل میمن

الیکشن کمشن جو بھی تاریخ دے بلدیاتی انتخابات کرا دیں گے، قائم شاہ: مارچ میں انعقاد پر تیار ہیں، شرجیل میمن

کراچی (اے پی اے + نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے کوئی رکاوٹ نہیں ہے، سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے، الیکشن کمشن جو بھی تاریخ دے اس پر الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں، حلقہ بندیوں کا حکم سپریم کورٹ نے دیا، بلدیاتی انتخابات کی پہلی تاریخ سپریم کورٹ کے حکم پر دی، بلدیاتی انتخابات کی تاریخ سپریم کورٹ نے دی ہے، حلقہ بندیوں پر فیصلہ جلد ی میں کیا گیا ہے، ایم کیو ایم سے مشاورت ہوتی رہتی ہے، ضروری نہیں ایم کیو ایم ہر بات پر متفق ہو، کراچی میں آپریشن بلاتفریق اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا، چھ اضلاع بنانے کی تجویز دی ہے شاید بن جائیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کے کہا پرویز مشرف پر مقدمہ ہو گیا ہے اب عدلیہ نے فیصلہ کرنا ہے۔ دریں اثناء سندھ کے وزیر بلدیات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ہم صوبے میں بلدیاتی انتخابات مارچ کے تیسرے ہفتے میں کرانے کے لئے تیار ہیں۔ کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت الیکشن کمشن کے آج ہونے والے اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کی تاریخ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بھی چاہتی ہیں کہ بلدیاتی انتخابات مارچ میں ہوں۔