لاپتہ بچوں کی بازیابی یقینی بنائی جائے: سندھ ہائیکورٹ
کراچی(این این آئی) سندھ ہائیکورٹ نے پولیس کو لاپتہ بچوں کی بازیابی یقینی بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا حکم دیا ہے۔ جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں 19 بچوں کے اغوا اور گمشدگی کے کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی جانب سے جواب داخل کرادیا گیا۔پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ 19 میں سے اب تک 6 بچے بازیاب کرائے جا چکے ہیں ٗ پہلے چار اور اب مزید دو بچوں کو بازیاب کرایا گیا ہے۔ عدالت نے باقی 13 بچوں کو بھی بازیاب کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تلاش کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے۔ والدین نے عدالت میں درخواست کی کہ 19 بچے شہر کے مختلف علاقوں سے اغوا کیے گئے ہیں جن کی عمریں ڈھائی سے 14 سال ہیں۔