کراچی: سانحہ شکارپور کے متاثرین کا نمائش چورنگی پر دھرنا جاری

کراچی (نوائے وقت رپورٹ + نیوزرپورٹر) سانحہ شکار پور کے متاثرین کا نمائش چورنگی کراچی پر دھرنا جاری رہا۔ شہداء ایکشن کمیٹی کے رہنما مسعود ڈومکی کا کہنا ہے کہ سندھ کے غیرت مند بیٹے ہمارے ساتھ اور دہشت گردوں کے خلاف ہیں۔ جو مذاکرات شکارپور اور کراچی میں ہوئے، ان میں بہت بڑا فرق ہے۔ حکومت کو پتہ چل گیا ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جائیں گے، اس وقت تک ڈٹے رہیں گے۔ علاوہ ازیں بدھ کو لانگ مارچ کے شرکا کو وزیراعلیٰ ہائوس جانے سے روکنے کیلئے حکومت نے شہدا کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دی تھی جس پر شہدا کمیٹی کے وفد نے وزیراعلیٰ ہائوس پہنچے۔ مذاکرات کیلئے وزیراعلیٰ سندھ، شرجیل میمن، آئی جی اور ڈ ی جی رینجرز بھی شریک تھے۔ اجلاس میں حکومتی اور شہدا کمیٹی پر مبنی چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ حکومتی ٹیم کی سربراہی شرجیل میمن جبکہ شہدا کمیٹی کی سربراہی مولانا مسعود ڈومکی نے کی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ بہت سے مطالبات شکار پور میں ہی مان لئے گئے تھے۔