آرمی پبلک سکول پشاور کے 9 زخمی مزید علاج کیلئے کراچی پہنچ گئے

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) آرمی پبلک سکول پشاور کے 9 زخمی مزید علاج کیلئے کراچی پہنچ گئے ان میں طلبا اور ایک استاد بھی شامل ہے ان کا علاج آغا خان ہسپتال میں ہو گا۔ سندھ حکومت نے نجی ہسپتال کو 30 بیڈ تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔ زخمی طلباء قومی ائر لائن سے کراچی پہنچے تاحال یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ زخمی طلباء اور استاد کے علاج کے اخراجات سندھ یا خیبر پی کے کی حکومت اٹھائے گی۔ خیبر پی کے حکومت نے 35 طلباء کو علاج کیلئے کراچی بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سندھ حکومت نے ہسپتال انتظامیہ کو خط لکھا ہے کہ زخمی طلباء کو بہترین علاج و معالجے کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں سانحہ آرمی پبلک سکول کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو ارسال کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق 2رکنی کمیٹی نے تیار کی ہے۔ کمیٹی میں سپیشل سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر لیگل پراسیکیوشن شامل ہیں۔ رپورٹ میں کسی کو ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا۔