کراچی: متحدہ کے کارکن سمیت مزید 6 افراد قتل، ٹارگٹڈ آپریشن، اسلحہ برآمد

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت چھ افراد ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے۔کھارادر میں تین افراد کو اغوا کے بعد تشدد اور فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔ ان میں سے ایک کی لاش کھارادر میں پھول چوک پر مونگ پھلی والی گلی سے ملی جسے سر اور چہرے پر چار گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا جبکہ مقتول کے ہاتھ پشت پر بندھے ہوئے تھے۔ دو افراد کی ہاتھ پاﺅں بندھی لاشیں ملیں جنہیں سر پر گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ شہباز‘ مصطفے اور یاسین شیراز کمپاﺅنڈ بشیر ولاز کے رہنے والے تھے۔ محمود آباد میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن فیصل خان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ علاوہ ازیں بلال کالونی کورنگی بنگالی پاڑہ کے قریب نالے سے نوجوان کی نعش ملی جسے تشدد اورسر پر بھاری چیز مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ کالا پل کے قریب وائرلیس گراﺅنڈ سے بھی ایک نوجوان کی نعش ملی جسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔ دریں اثناءپولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ کارروائی میں 500 رینجرز اہلکاروں نے حصہ لیا جن میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں جب کہ سراغ رساں کتوں کی بھی مدد حاصل کی گئی۔