رحمن ملک کیلئے ڈاکٹریٹ کی ڈگری پر جامعہ کراچی کے طلبہ و طالبات کا احتجاج

کراچی (نیٹ نیوز) رحمن ملک کو پی ایچ ڈی کی ڈگری دئیے جانے پر جامعہ کراچی کے طالب علم بھی زخمی ہو گئے کسی کے دل پہ چھریاں چلیں تو کسی کے جذبات مجروح ہوئے۔ طالب علموں کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کو جامعہ کراچی کی جانب سے اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری دئیے جانے کی خبر ان پہ بجلی بن کے گری یہی وجہ ہے کہ یہ طالب علم زخمی بنے اپنے ڈیپارٹمنٹس میں پٹیاں باندھ کر گھومتے رہے۔ سرجیکل آپریشن کے مشہور زمانہ ڈاکٹر رحمن ملک کیلئے کتنے مریض تیار کھڑے ہیں۔ یونیورسٹی کے طالبعلموں کو زخم زخم کرنیوالی اس خبر نے کچھ طلبہ کو احتجاج کرنے پر بھی مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر نے ایسا کوئی کارنامہ نہیں انجام دیا جس کے اعتراف کے طور پر انہیں اعزازی ڈگری سے نوازا گیا طالب علموں نے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کو اپنا یہ فیصلہ فوری واپس لینا چاہئے۔