ہزارہ قومی موومنٹ (حقیقی) کا کراچی سے الیکشن لڑنے کا اعلان
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ہزارہ قومی موومنٹ (حقیقی) کے مرکزی رہنما حاجی ذوالفقار اعوان، سردار طارق ، ملک سلیم ،معتدیٰ اعوان، شعیب سنارا، رستم اعوان او ر عمر زمان خان تنولی نے کراچی او رہزارہ سے 2018 کے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں مقیم 40 لاکھ ہزارہ وال کو اسٹیک ہولڈرز تسلیم کیا جائے۔ ڈبل ایڈریس پر ڈومیسائل بنایا جائے، ہزارہ کو صوبے کا درجہ دیا جائے اور کراچی میں مقیم ہزارہ برادری کے مسائل حل کئے جائیں ۔ وہ نوائے وقت کو انٹرویو دے رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کا اعلان کیا اور آگاہ کیا کہ ہزارہ وال پر امن ا ور غیر ت مند پاکستانی ہیں اور کراچی کی واحد برادری ہے جو کہ جرائم، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث نہیں ہیں۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ ملک آصف اعوان ہمارے لیڈر ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کراچی اور ہزارہ کی مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہزارہ قومی موومنٹ ( حقیقی) کراچی اور حیدرآباد میں الیکشن لڑے گی جن سیاسی جماعتوں نے ہماری شرائط تسلیم کی ان کے ساتھ انتخابی اشتراک بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری کا پاور بیس کراچی کا ضلع غربی ہے انہوں نے کہا کہ کراچی میں 40 لاکھ ہزارے وال رہتے ہیں جن کو مسائل کا سامنا ہے ان کی آبادیاں بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انفرااسٹریکچر تباہ ہوچکا ہے اسکول، کالج گرائونڈ دستیاب نہیں ہیں دوسروں کی طرح ہمارے بچے بھی ٹیلنٹڈ ہیں ۔ ان کو حقوق دیئے جائیں ۔