دہشت گرد سدھرنے والے نہیں‘ ان کا مکمل خاتمہ کیا جائیگا: صدر

دہشت گرد سدھرنے والے نہیں‘ ان کا مکمل خاتمہ کیا جائیگا: صدر

کراچی (ایجنسیاں) صدر ممون حسین نے کہا ہے کہ اسلام میں قتل و غارتگری کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان میں فتنہ پھیلانے والوں کا مکمل خاتمہ کیا جائیگا۔ کراچی میں پاکستان کے پہلے الٹرنیٹیو میڈیسن ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران صدر نے کہا کہ دہشت گردوں نے دنیا بھر میں فساد پھیلایا ہوا ہے۔ ان لوگوں نے اسلام کو بہت بدنام کیا ہے، یہ لوگ اپنے آپکو اسلام کا چیمپئن سمجھتے ہیں۔ دہشت گرد سدھرنے والے نہیں ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں پر اللہ تعالیٰ نے مہر لگا دی ہے۔ سب لوگ اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ فتنہ پھیلانے والوں کا خاتمہ کیا جائیگا۔ چین کے ساتھ اقتصادی راہداری کی تعمیر اس صدی کا شاہکار ہوگا۔ دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم سے 9 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ چین کی مدد سے کراچی میں ایٹمی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر کام شروع ہوگیا ہے۔ بجلی کے تمام منصوبے مکمل ہوگئے تو 2018ء میں لوڈشیڈنگ برائے نام رہ جائیگی یا بالکل ختم ہوجائیگی۔ ایلوپیتھی طریقہ علاج نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔ دنیا کے بیشتر حصوں میں اسے مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ ہمارا ہزاروں برس پرانا طریقہ علاج محض اسلئے پیچھے چلا گیا کہ اس شعبے میں تحقیق کی روایت کمزور ہوگئی۔ ہومیوپیتھی طریقہ علاج بھی بہت موثر ہے اور دنیا کے کئی حصوں میں مقبول ہے۔ ہومیوپیتھی کی اثرانگیزی اور اہمیت خود ایلوپیتھی بھی تسلیم کرتی ہے۔ سنجیدہ علمی کوشش کی جائے تو علاج کے ان دونوں طریقوں کے ملاپ سے خلق ِ خدا کو شاید زیادہ فائدہ ہوسکے۔ بعض پڑوسی ملکوں میں ہومیوپیتھی پر خاصا کام ہوا ہے۔ نئی نئی کتابوں سے دنیا بھر کے ہومیوپیتھ بہت کچھ سیکھتے ہیں۔ ہمارے ادارے بھی ان معاملات پر بھی توجہ دیں۔ ہومیوپیتھی کی قومی کونسل اگر سنجیدگی سے تعلیم اور تحقیق پر توجہ دے تو حکومت بھی اپنا کردار ادا کریگی۔