مقامی سطح پر تیار کردہ چوتھا فریگیٹ پاک بحریہ کے حوالے کر دیا گیا

کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی شپ یارڈ میں مقامی سطح پر تیار کردہ پاک بحریہ کے چوتھے F-22P فریگیٹ پی این ایس اصلت کی کمیشننگ کی ایک پروقار تقریب بدھ کو منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد آصف سندیلہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام او ر اہم شخصیات کے علاوہ چین میں پاکستان کے سفیر اور چائنا اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن (CSSC) کے نائب صدر نے بھی شرکت کی۔ پی این ایس اصلت کی کمیشننگ اور اس کی پاکستان نیول فلیٹ میں شمولیت کے ساتھ ہی 2005ءمیں کیا جانے والا وہ معاہدہ بھی تکمیل کو پہنچ گیا ہے جس کے مطابق تین F-22P جہازوں کی تیاری چین میں اور چوتھے جہاز کی تعمیر ٹیکنالوجی کی منتقلی کے تحت کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں مقامی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کی جانی تھی۔ تمام جہازوں بشمول مقامی طور پر تیار کئے جانے والے چوتھے جہازکی بروقت اور کامیابی کے ساتھ تیاری CSTC / HZ شپ یارڈ، کراچی شپ یارڈ اور نیول ہیڈ کوارٹرز کے باہمی تعاون اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پی این ایس اصلت اعلیٰ خصوصیات کا حامل پلیٹ فارم ہے جس میں جدید ہتھیار اور حساس آلات نصب کئے گئے ہیں جن کی بدولت وہ ہر قسم کے خطرے کے ماحول میں آپریٹ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اس جہاز کی شمولیت سے پاک بحریہ کے ڈسٹرائر سکواڈرن کی بحری سرحدوں کے دفاع کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہو گا۔