بابر اعوان کی گورنر عشرت العباد سے ملاقات ‘ ہم آہنگی کو فروغ دینے پر اتفاق

کراچی (وقائع نگار+ وقت نیوز) سابق وفاقی وزیرقانون ڈاکٹر بابر اعوان نے گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماﺅں نے ملک میں جاری سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمہوریت کے استحکام اوراسے فروغ دینے کیلئے سندھ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان ربط اور ہم آہنگی کو مزید وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے افہام و تفہیم کی فضا کو پروان چڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں حالات کی سنگینی کو سمجھیں اور سیاسی یگانگت اور باہمی اتفاق کے ذریعے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ دونوں رہنماﺅں نے آئینی اور قانونی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور یقین ظاہر کیا کہ ہر سطح پر آئین اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا۔بابر اعوان نے کہا کہ سندھ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی ہے۔ ترجمان گورنر ہاﺅس کے مطابق ہم آہنگی اور اتفاق رائے کو فروغ دینے کیلئے دونوں رہنماﺅں نے عزم کا اظہار کیا۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں تصادم کرنے والے نہیں سیاسی جماعتوں پر پابندی سے انہیں ختم نہیں کیا جا سکتا ستمبر کو ستمگر کہنے والے نجومیوں کیلئے اب بھی وقت ہے۔