سابق چیف جسٹس اجمل میاں انتقال کر گئے‘ کراچی میں سپردخا ک
کراچی(وقائع نگار) سابق چیف جسٹس اجمل میاں انتقال کر گئے جسٹس اجمل میاں 23 دسمبر 1997ء سے30 جون 1999ء تک سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رہے۔ ان کے انتقال کے بعد چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے عدالتی امور معطل کر دئیے۔ ان کی نماز جنازہ بعد نماز عصر مسجد مصطفی ڈی ایچ اے میں ادا کی گئی جبکہ تدفین میوہ شاہ قبرستان میں ہوئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار‘ وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر اہم شخصیات نے جسٹس اجمل میاں کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کی عمر 83 برس تھی۔ جسٹس ریٹائرڈ اجمل میاں کی پیدائش 1934ء میں ایک کاروباری گھرانے میں ہوئی۔ قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان کراچی منتقل ہوگیا جہاں اجمل میاں نے اکنامکس اور پولیٹیکل سائنس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔ اپنی کتاب 'جج سپیکس آؤٹ' میں اجمل میاں لکھتے ہیں کہ ایک فقیر نے دعا کی تھی کہ وہ بیرسٹر بنیں گے۔ برطانیہ سے قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اجمل میاں نے نامور قانون دان شریف الدین پیرزادہ کے چیمبر میں وکالت شروع کی۔ جسٹس اجمل میاں 1973ء میں ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے اور پھر ترقی کرتے ہوئے پہلے سندھ ہائیکورٹ کے اور بعد میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے۔ جسٹس اجمل میاں سپریم کورٹ کے اس بنچ بھی حصہ تھے جس نے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں تعینات ہونے والے ججوں کی تقرری کا جائزہ لیا اور اس فیصلے کی وجہ سے کئی ججوں کو عدلیہ سے نکال دیا گیا۔ جسٹس سعید الزمان صدیقی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے جس 10 رکنی بنچ نے جسٹس سجاد علی شاہ کی تعیناتی کو آئین کے منافی قرار دیا تو جسٹس اجمل میاں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ہونے کی بنا پر چیف جسٹس مقرر ہوئے۔ جسٹس اجمل میاں4 جولائی1934 ء کودہلی میں پیدا ہوئے ان کے والد کا نام محمد میاں تھا انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے1953 ء میں اکنامکس اور پولیٹیکل سائنس میں بیچلر ڈگری حاصل کی۔ لنکن کالج لندن سے بیرسٹر بنے۔1957 ء میں ہائیکورٹ میں پریکٹس شروع کی۔ 1962 ء میں سپریم کورٹ میں وکالت شروع۔1959 ء میں کے پی ٹی کے وکیل رہے۔1973 ء میں 2 مہینے کیلئے سندھ مسلم لاء کالج کے نگراں پرنسپل بھی رہے۔ اس کے علاوہ سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین رہے۔ پاکستان لاء کمیشن کے چیئرمین رہے۔ پاکستان کے موجودہ چیف جسٹس میاں ثابت ثاقب نثار سمیت سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز اور وکلاء کی بڑی تعداد نے اجمل میاں کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کے بلند درجات کے لئے دعا کی ہے اور ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ گورنر سندھ نے اپنے تعزیتی پیغام میں بطور چیف جسٹس عدالت عظمیٰ اجمل میاں کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک اصول پرست جج تھے اور ہمیشہ انصاف کی بالادستی کیلئے کام کرتے رہے۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے سابق چیف جسٹس پاکستان اجمل میاں کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق چیف جسٹس کے انتقال کے باعث سندھ ہائی کورٹ سمیت ماتحت عدالتوں میں عدالتی کارروائیاں معطل کی گئی۔