کمال اظفر نے استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوا دیا، فرائض جاری رکھنے سے معذرت

کراچی (سالک مجید/وقائع نگار) وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر کمال اظفر نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بھیج دیا ہے اور اپنے فرائض جاری رکھنے سے معذرت کرلی ہے۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت بیرسٹر کمال اظفر کو راضی کرنے اور استعفیٰ واپس لینے پر رضا مند کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کمال اظفر کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لئے اپنا مشیر مقرر کیا تھا اور انہیں سپریم کورٹ میں حکومت کی پیروی سے روک کر سابق اٹارنی جنرل لطیف کھوسہ کو وکیل کے طورپر پیش کیا گیا تھا‘ قانونی اور سیاسی حلقوں میں نئی صورتحال کو حکومت کے لئے پیر سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت آنے والے مقدمات کے حوالے سے مزید مشکلات کا سبب قرار دے دیا ہے۔ دریں اثناءبیرسٹر کمال اظفر نے کہاہے کہ استعفیٰ دینے کے باوجود حکومت کے ساتھ میرے تعلقات خوشگوار رہیں گے وزیراعظم کی بہت عزت کرتا ہوں، اپنے استعفیٰ کی وجوہات سے وزیراعظم کو آگاہ کردیاہے ۔ نوائے وقت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر کمال اظفر نے کہا کہ مستعفی ہوتے ہی میرا استعفیٰ خود بخود موثر ہوگیا، اس کے منظور کئے جانے یا نہ کئے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، استعفیٰ کی وجوہات میرے اور فیڈریشن کے درمیان راز ہیں میں ان کو منظر عام پر نہیں لانا چاہتا۔ وزیراعظم کا اختیار ہے وہ جو فیصلہ کریں میں نے اپنا فیصلہ دیدیا۔ پیر سے سندھ ہائیکورٹ میں معمول کے مطابق مقدمات کی پیروی کروں گا۔مانیٹرنگ نیوز کے مطابق کمال اظفر نے استعفیٰ دیدیا۔