ہم نے ہمیشہ امن کا درس ،محبت کا پیغام دیا ، الطاف حسین

ہم نے ہمیشہ امن کا درس ،محبت کا پیغام دیا ، الطاف حسین

 کراچی ( خصوصی رپورٹر ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے حالات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہاہے کہ میں نے ہمیشہ امن کا درس دیا ہے، محبت کا پیغام دیا ہے، پاکستان بھر کے غریبوں، مظلوموں اور محکوموں کے لئے عزت کی زندگی کی خواہش رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 35 سال سے دن رات جدوجہد کررہے ہیں،ہمیشہ کرتے رہیں گے اور اپنی حق پرستانہ جدوجہد سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے، میری پوری زندگی اس بات کی عکاس ہے کہ میں نے اپنے مشن و مقصد کےلئے کبھی بھی کسی بھی طرح کی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ میدانِ عمل میں آکر اس جدوجہد کو آگے کی جانب بڑھائیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ جو قوتیں اور گروپ کرچای کے عوام کو لاوارث سمجھ کر قتل عام کررہے ہےں وہ یاد رکھیں کہ عوام اب ان کے مظالم سے محفوظ رہنے کیلئے از خودلائحہ عمل بنانے پر مجبور ہونگے ۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ذریعے حق پرست عوام سے کہاکہ وہ اپنی اور اپنی نسلوں کی بقاءکےلئے سر جوڑ کر بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے ہم نے نہ پہلے کبھی ظلم کے آگے سرجھکایا ہے نہ آئندہ کبھی سر جھکائیں گے۔ ا الطاف حسین نے کہا کہ لینڈ مافیا، ڈرگ مافیا، اغواءبرائے تاوان اور اغواءبرائے تاوان سے تعلق رکھنے والے جرائم پیشہ افراد سے ملاقاتیں کر کے انہیں سیاسی رہنماءبناکر پیش کیا جارہا ہے اور ملک کے سب سے روشن خیال جمہوریت پسند اور حب الوطن شہر کے چہرے کو داغدار کیا جارہا ہے۔