اشتعال انگیز تقریر ٗ میڈیا ہائوسز پر حملے، پولیس کے چالان میں فاروق ستار، عامر خان مجرم قرار
کراچی (این این آئی)پولیس نے 22 اگست 2016 کوہونے والی اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا ہاؤس پر کئے گئے حملے سے متعلق کیس میں ضمنی چالان پیش کردیا ہے جس میں فاروق ستار اور عامر خان کومجرم قراردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 22 اگست 2016 کو پریس کلب کے باہر بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملے سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی ۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسرنے ضمنی چالان پیش کردیا۔ جس میں فاروق ستار اور عامر کان کو مجرم قرار دیا گیا ہے۔ضمنی چالان کے متن میں کہا گیا کہ فاروق ستاراورعامر خان کا بانی ایم کیوایم کی تقریر سے لاتعلقی کا بیان جھوٹا ہے، دونوں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، تقریرکے فوری بعد فاروق ستار اور دیگر رہنما تالیاں بجاتے رہے ٗاگر فاروق ستار اورعامر خان کارکنوں کو اشتعال نہ دلاتے تو میڈیا ہاؤس پر حملہ بھی نہ ہوتا، عامر خان نے الطاف حسین کی ملک مخالف تقریرکی مکمل تائید کی، ویڈیو شواہد کے مطابق عامر خان نے کہا کہ الطاف حسین کے حکم پر مکمل عمل درآمد ہوگا ٗعامر خان نے کہا اب ہمارا پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کا دل نہیں چاہتا ، دونوں رہنماؤں پر الزامات ثابت ہوتے ہیں۔عدالتی حکم پر ملزمان کو ضمنی چالان کی نقول فراہم کردی گئی ہیں، کیس کی مزید سماعت 20 دسمبرکو ہوگی جس میں ملزمان پرفرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔ کیس کی سماعت کے بعد فاروق ستارنے میڈیا سے کہا کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف کی امید ہے۔ادھر اشتعال انگیز تقاریر سے متعلق کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے متحدہ بانی اور ایم کیو ایم کے دیگر رہنمائوں کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ دوران سماعت ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان‘ خواجہ اظہار‘ رئوف صدیقی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے پیش نہ ہونے پر متحدہ بانی اور دیگر کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 20جنوری تک ملتوی کر دی۔