کراچی: ڈاکوؤں نے دو بنکوں سے ایک کروڑ 4 لاکھ روپے لوٹ لئے

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں ڈاکوئوں نے دو بنکوں سے ایک کروڑ چار لاکھ روپے لوٹ لئے اور سیکورٹی گارڈز کے اسلحہ کے علاوہ خفیہ کیمروں سے کیسٹ بھی نکال کر فرار ہوگئے۔ برنس روڈ پر واقع بنک اسلامی اور شاہراہ فیصل کے علاقے گلشن جمال میں مسلم کمرشل بنک دونوں میں واردات بدھ کی صبح ایک ہی وقت ساڑھے نو بجے ہوئی۔ بنک اسلامی میں واردات کے دوران ڈاکوئوں نے ایک سیکورٹی گارڈ کو سر پر پستول کا بٹ مار کر زخمی بھی کیا۔ ڈاکوئوں کی تعداد چار تھی جنہوں نے بنک اسلامی میں داخل ہونے کے بعد ایک سیکورٹی گارڈز یاسین سے ریپیٹر اور دوسرے سیکورٹی گارڈ عمران سے ٹی ٹی پستول چھینا اور منیجر آصف اللہ خان سمیت عملے کے تمام افراد کو ایک کمرے میں بند کرنے کے بعد اے ٹی ایم مشین اور سٹرانگ روم سے 65 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوتے ہوئے خفیہ کیمرے سے کیسٹ بھی نکال کر فرار ہوگئے۔ واردات کے دوران ملزمان نے سیکورٹی گارڈ یاسین کو سر پر پستول کا بٹ مار کر زخمی کیا۔