کراچی سٹاک مارکیٹ میں تیزی‘ سرمایہ کاری میں 17 ارب روپے اضافہ

کراچی (مارکیٹ رپورٹر) کراچی سٹاک ایکسچینج میں ایک روز کی مندی کے بعد بدھ کے روز تیزی کی اچانک لہر رونما ہونے پر کے ایس ای 100 انڈیکس 54.49 پوائنٹس کے اضافے پر 7686.15 کی بلند سطح پر بند رہا جس سے سرمایہ کاری مالیت میں 17 ارب روپے سے زائد اضافے کے باعث کاروبار میں تیزی غالب رہی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سے سیمنٹ کی برآمد ہونے کے اچھے اثرات‘ بینکوں‘ آئل کمپنیوں میں غیرملکی سرمایہ کی آمد‘ زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ‘ خریداروں کی دلچسپی اور کاروباری حجم میں 23.62 کروڑ حصص کے زائد سودے ہونے کے باعث سرمایہ کاروں کی بینکنگ‘ آئل اینڈ گیس‘ سیمنٹ سیکٹرز سمیت بیشتر حصص میں نمایاں دلچسپی اور اگلے روز غیرملکی سرمایہ کاری کے اچھے امکانات پر حصص کے کاروبار میں تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 54.49 پوائنٹس کے اضافے پر 7686.15 کی بلند ترین سطح پر آگیا جس سے ڈی جی خان سیمنٹ اور فوجی سیمنٹ کے حصص کاروباری حجم کے لحاظ سے سرفہرست رہے۔ بازار حصص کے ماہرین کے مطابق اگلے روز غیرملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے نہ صرف کاروبار میں تیزی کا امکان ہے بلکہ اس سے انڈیکس بھی مزید بلندیوں کو چھونے لگے گا جس کے نتیجے میں بدھ کے روز 68 فیصد سے زائد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں۔